امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طلبہ ویزا اپائنٹمنٹس کی بحالی کا حکم دیا ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی جانچ پڑتال کو نمایاں طور پر سخت کر دیا گیا ہے تاکہ ایسے درخواست گزاروں کی شناخت کی جا سکے جو امریکا کے لیے ممکنہ طور پر مخاصمانہ رویہ رکھتے ہوں۔۔
18 جون کو دنیا بھر میں امریکی مشنز کو بھیجی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امریکی قونصل افسران کو اب تمام طلبہ اور تبادلہ پروگرام کے درخواست گزاروں کی ’ جامع اور مکمل جانچ پڑتال’ کرنی ہوگی تاکہ ان افراد کی شناخت کی جا سکے جو ’ ہمارے شہریوں، ثقافت، حکومت، اداروں یا بانی اصولوں کے خلاف دشمنی کا رویہ رکھتے ہوں۔’
امریکی قونصل خانوں نے ویزہ کے خواہش مندوں سے کہا ہے وہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کو ’پبلک‘ پر سیٹ کریں تاکہ ان کی شناخت اور امریکا میں داخلے کی اہلیت کے لیے ضروری جانچ پڑتال کی جا سکے۔’
جمعرات کو امریکا کے قونصل خانوں نے کراچی اور لاہور میں تمام F، M یا J نان امیگرنٹ ویزا کے درخواست گزاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو جانچ پڑتال (ویٹنگ) کے لیے عوامی (پبلک) کر دیں، اس سے قبل اسی ہفتے دہلی میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی اسی طرح کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
