جنیوا/عمان — اردن نے غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے، سوئٹزرلینڈ میں جاری فیبا انڈر-19 باسکٹ بال ورلڈ کپ 2025 کے دوران اسرائیل کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ اردنی اقدام کو سیاسی موقف سے زیادہ انسانی ہمدردی اور اخلاقی اصولوں پر مبنی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (PETRA) کے مطابق، اردن باسکٹ بال فیڈریشن نے فیبا (FIBA) کو باضابطہ اطلاع دی کہ وہ موجودہ جیو پولیٹیکل حالات کے پیش نظر اسرائیل کے ساتھ میچ نہیں کھیل سکتا۔ ترجمان کے مطابق”ہم یہ فیصلہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خلاف ایک خاموش احتجاج کے طور پر کر رہے ہیں۔”
فیبا کی جانب سے اردن کے میچ نہ کھیلنے پر، میچ کا نتیجہ اسرائیل کے حق میں دے دیا گیا۔ البتہ اردنی فیصلے کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، خصوصاً عرب اور مسلم دنیا میں اس اقدام کو جرأت مندانہ مؤقف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسرائیلی باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر نے اردن کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا”میرا ماننا ہے کہ کھیل ایک سیاسی میدان نہیں بلکہ لوگوں اور ثقافتوں کے درمیان ایک پل ہے، اس قسم کے فیصلے کھیل کی روح کے منافی ہیں۔”
اردن کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف شدید احتجاج جاری ہے۔ خاص طور پر کھیلوں، فنون، اور ثقافت کے میدان میں بائیکاٹ کی تحریکیں زور پکڑ رہی ہیں۔
گزشتہ ہفتے ارجنٹائن میں فٹبال شائقین نے اسرائیل کا علامتی جنازہ نکالا، جبکہ کئی بین الاقوامی فنکاروں اور اداروں نے اسرائیلی اداروں سے تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا۔