بھارت میں نوجوانوں کے درمیان مقبول ہونے والی ’’کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں، جہاں جنتر منتر پر حکومت مخالف احتجاج منعقد کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیجیت دپکے دہلی ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد براہِ راست جنتر منتر روانہ ہوئے، جہاں ان کے حامیوں کی بڑی تعداد پہلے ہی جمع ہونا شروع ہو چکی تھی۔
کاکروچ جنتا پارٹی ایک سوشل میڈیا تحریک کے طور پر سامنے آئی تھی۔ یہ تحریک اس وقت مقبول ہوئی جب بھارتی عدالتی اور سیاسی حلقوں میں نوجوانوں کے حوالے سے متنازع بیانات پر ردعمل سامنے آیا۔ بعد ازاں ابھیجیت دپکے نے ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کے نام سے ایک عوامی پلیٹ فارم متعارف کرایا، جس نے چند ہی ہفتوں میں کروڑوں سوشل میڈیا فالوورز حاصل کر لیے۔
جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج کا بنیادی مطالبہ بھارتی وزیر تعلیم Dharmendra Pradhan کے استعفے اور تعلیمی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی بتایا جا رہا ہے۔ احتجاج کے منتظمین نے شرکاء کو پرامن رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
احتجاج کے پیش نظر دہلی میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس نے اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جبکہ اس احتجاج کے خلاف دائر ایک درخواست پر دہلی ہائی کورٹ نے فوری سماعت سے انکار کر دیا تھا۔
