کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقعہ پٹاخہ گودام میں دھماکے کے 34 زخمیوں میں سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔۔
ریسکیو کے مطابق ایک 15 سال کے لڑکے کی لاش کو دکان سے برآمد کیا گیا جو دھماکے کے وقت چھت پر واش روم استعمال کرنے گیا تھا۔
جاں بحق لڑکے کی شناخت اسد ولد وکیل عمر 15سال ہوئی ہے۔
دوسری طرف جناح ہسپتال میں زیر علاج ایک زخمی دم توڑ دیا۔۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت کاشف ولد منظور عمر 32 سال ہے۔۔
کراچی کی مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر تاج کمپلیکس کے قریب گنجان آباد علاقے میں آتش بازی کے سامان کے گودام میں سہ پہر کے وقت دھماکا ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی نے بتایا کہ واقعہ دوپہر ساڑھے3 بجے رپورٹ ہوا، اور سب اداروں نے بروقت رسپانس دیا، ( دھماکے کے بعد لگی ) آگ پر قابو پالیاگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 6 سے 8 ایجنسیاں این او سی دیتی ہیں تب اس طرح کا کاروبار کرسکتے ہیں، دھماکاخیز مواد مخصوص مقدار میں رکھنےکی اجازت ہوتی ہے، کوئی بھی اس مقررہ مقدار سے تجاوز نہیں کرسکتا۔
ڈی سی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ اس گودام کےمالک نے2024 میں آخری بار این او سی لیا تھا، ہم مزید ڈاکو منٹس کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، قوانین کی خلاف ورزی پرقانونی کارروائی کریں گے۔
