کراچی — کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا تین روزہ پاکستان میوزک فیسٹیول 2025 سُروں کی رنگا رنگ محفلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اس فیسٹیول میں پاکستان کے نامور گلوکاروں، موسیقاروں اور فنکاروں نے شاندار پرفارمنسز پیش کیں جنہوں نے حاضرین کے دل جیت لیے۔
فیسٹیول کے دوسرے روز چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، چیئرمین میوزک کمیٹی امجد حسین شاہ، چیئرمین وومن امپاورمنٹ چاند گل شاہ سمیت بڑی تعداد میں شہریوں، طلبہ اور فنونِ لطیفہ کے شائقین نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ “خوش ہونا ہمارا حق ہے، اور آرٹس کونسل پاکستان کے عوام کو فری تفریح فراہم کرنے والا واحد ادارہ ہے۔ ہم نے پاکستان کے لیجنڈ گلوکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہ فیسٹیول منعقد کیا ہے۔”
انہوں نے اعلان کیا کہ آرٹس کونسل اب “ورلڈ کلچر فیسٹیول” کے عظیم منصوبے پر کام کر رہی ہے، جس میں 142 ممالک کے فنکار، موسیقار، ڈائریکٹرز، پینٹرز اور تھیٹر آرٹسٹ شرکت کریں گے۔ یہ عالمی فیسٹیول 40 دن تک جاری رہے گا اور اس دوران 2500 سے زائد ایوارڈ یافتہ فلمیں، ورکشاپس اور لائیو پرفارمنسز منعقد کی جائیں گی۔
فیسٹیول کی نمایاں جھلکیاں:
-
پہلے روز گلوکار کرم عباس، شبانہ کوثر، شیراز صدیقی، شازیہ کوثر، عمران علی، نرودھا مالنی اور دیگر فنکاروں نے سُروں کا جادو جگایا۔
-
دوسرے روز حمیرا چنا، جمال اکبر، تنویر آفریدی، ایرک جونسن، اکبر تیموری سمیت کئی فنکاروں نے پرجوش پرفارمنسز پیش کیں۔
-
اختتامی روز غلام عباس، عروسہ علی، فیصل لطیف، سونیا خان، ڈاکٹر ہما میر، نوید تاج، شاہ رخ عباس اور دیگر گلوکاروں نے اپنی دلکش آوازوں سے سامعین کو مسحور کردیا۔
تین روز تک جاری رہنے والے اس میوزک فیسٹیول نے کراچی کے ثقافتی منظرنامے میں نئی روح پھونک دی۔ ہال میں عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا اور تینوں دن آرٹس کونسل کی فضائیں سدا بہار گیتوں سے گونجتی رہیں۔

