وینکوور (ویب ڈیسک): پاکستان کے باصلاحیت اسکواش پلیئر اشعب عرفان نے اپنی شاندار کارکردگی سے وینکوور مینز اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی، یوں وہ پہلی مرتبہ کسی پی ایس اے ورلڈ سیریز ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
سیمی فائنل میں اشعب عرفان نے انگلینڈ کے سیکنڈ سیڈ کھلاڑی ایڈریان والر کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی۔
یہ میچ 68 منٹ تک جاری رہا، جس میں اشعب نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے فیصلہ کن گیم میں کامیابی حاصل کی۔
میچ کے گیم اسکور کچھ یوں رہے:
8-11، 11-8، 3-11، 11-5، 11-8
ایونٹ کے فائنل میں اشعب عرفان کا مقابلہ انگلینڈ کے چھٹے سیڈ سیم ٹوڈ (Sam Todd) سے ہوگا۔
فائنل میچ کے لیے شائقینِ اسکواش میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان طویل عرصے بعد کسی بڑے عالمی اسکواش ایونٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
اشعب عرفان کی یہ کارکردگی پاکستانی اسکواش کے دوبارہ عروج کی امید جگا رہی ہے۔
کھیل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اشعب عرفان جیسے نوجوان کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا اسکواش میں کھویا ہوا مقام بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 31,250 ڈالر رکھی گئی ہے، اور اگر اشعب فائنل جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ ان کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔

