صدر مملکت آصف علی زرداری نے دیوالی کے موقع پر پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم ہندو برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی روشنی کے اندھیرے پر اور نیکی کے بدی پر غلبے کی علامت ہے۔ دیوالی کا یہ تہوار امن، رواداری، ہمدردی اور ہم آہنگی جیسی آفاقی اقدار کی یاد دہانی کراتا ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہےکہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ایسا معاشرہ قائم رکھنا ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے عزت، وقار اور احترام کے ساتھ رہ سکیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہو ں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہندو برادری پاکستان کے سماجی، ثقافتی اور معاشی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہے۔انہوں نے تعلیم، تجارت اور عوامی خدمت کے شعبوں میں ہندو برادری کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دیوالی ہمیں رواداری، اتحاد اور پُرامن بقائے باہمی کے عزم کو تازہ کرنے کی ترغیب دیتی ہے ۔انہوں نے پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم ہندو برادری کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کی دعا کی۔

