تہران — ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کی جوہری صنعت تباہ کرنے کے دعوے کو "محض ایک خواب” قرار دے دیا۔
خامنہ ای نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر کا یہ کہنا کہ انہوں نے ایران کی ایٹمی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے، حقیقت سے کوسوں دور ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا “امریکی صدر بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ انہوں نے ایران کی ایٹمی صنعت پر بمباری کرکے تباہ کر دیا، بہت اچھے — خواب دیکھتے رہیں!”
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکا کو ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ اُن کے بقول، “ایران کے پاس جوہری تنصیبات ہیں یا نہیں، یہ ایران کا داخلی معاملہ ہے، اس میں امریکا کی زبردستی اور مداخلت غلط اور نامناسب ہے۔”
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد اگر امریکا اور ایران کے درمیان نئے سرے سے مذاکرات شروع ہو جائیں تو اسے مثبت پیشرفت سمجھا جائے گا۔ تاہم، خامنہ ای نے امریکی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ ایران اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

