مکہ مکرمہ — سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے انکشاف کیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک 40 لاکھ سے زائد ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزارت کے مطابق، عمرہ ویزے حاصل کرنے والوں میں پاکستانی زائرین پہلے نمبر پر جبکہ انڈونیشیا دوسرے، بھارت تیسرے، عراق چوتھے اور مصر پانچویں نمبر پر رہے۔
وزارت نے بتایا کہ موجودہ عمرہ سیزن کا آغاز حج 2025 کے فوری بعد، جون میں کیا گیا تھا، جس کے بعد گزشتہ پانچ ماہ کے دوران زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق، زائرین کی آسانی کے لیے مختلف ممالک کے لیے ’’نسک‘‘ (Nusuk) پورٹل پر عمرہ ویزوں کی آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے یورپ سمیت دنیا بھر کے زائرین اپنی پسند کا عمرہ پیکج آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ عمرہ زائرین عموماً جدہ یا براہِ راست مدینہ منورہ پہنچتے ہیں، جس کے بعد وہ ٹرین یا بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ جاتے ہیں تاکہ عمرہ کی ادائیگی کر سکیں۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل سروسز کے دائرے کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت متعدد زبانوں میں رہنما ہدایات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ زائرین کو بہتر خدمات میسر آ سکیں۔
