واشنگٹن میں امریکی حکام نے 19 ممالک کے تارکین وطن کی جانب سے دائر کردہ امیگریشن درخواستوں کی کارروائی روک دی ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق جن درخواستوں کو مؤخر کیا گیا ہے، اُن میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت کے حصول کے کیسز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پابندی ان ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوتی ہے جن پر ٹرمپ انتظامیہ نے جون میں یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے تحت اسٹیٹس حاصل کرنے پر پہلے ہی قدغن لگا رکھی تھی۔ مؤخر کیے گئے کیسز کی حتمی منظوری یا رد کیے جانے کے فیصلے عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں۔
امیگریشن پابندی کا شکار ہونے والے ممالک میں افغانستان، صومالیہ، ایران، لیبیا، میانمار، سوڈان، ترکمانستان، یمن اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے واقعے کے بعد نگرانی اور سکریننگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں گارڈ کے اہلکار پر حملے کے بعد سخت تر امیگریشن اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مہاجرین، خصوصاً افغانستان سے آنے والے افراد کی سکریننگ اور آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی مزید سخت کی جا رہی ہے۔

