اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے منگل کو کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی سے اپنی افواج کو کبھی واپس نہیں بلائے گا اور ’’مناسب وقت آنے پر‘‘ غزہ کے شمالی حصے میں نئی بستیوں کے قیام کا منصوبہ بھی بنایا جائے گا۔ ان کے اس بیان کو اسرائیلی پالیسی میں سخت مؤقف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کاٹز نے یہ ریمارکس مغربی کنارے کے علاقے بیت ایل میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ سے پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور مستقبل میں وہاں نئی آبادکاری کے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا، ’’ہم یہ کام درست طریقے سے اور درست وقت پر کریں گے۔ احتجاج بھی ہوں گے، لیکن ہم وزیر ہیں۔‘‘ ان کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت ممکنہ اندرونی اور بیرونی مخالفت کے باوجود اپنے فیصلوں پر قائم رہنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کاٹز کے ان بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی پالیسیوں پر بین الاقوامی سطح پر بحث اور دباؤ جاری ہے، جبکہ فلسطینی علاقوں میں ممکنہ نئی بستیوں کے قیام کے اعلانات کو تنازع میں اضافے کے خدشات کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔
