الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز خسرگنگ مہم کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی آٹھ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے 6,040 میٹر بلند خسرگنگ چوٹی سر کر کے پاکستان کی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا۔
کامیاب ٹیم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں، جنہوں نے سخت موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے چوٹی کو سر کیا۔
خسرگنگ مہم کی قیادت معروف کوہ پیما بی بی افزون نے کی، جبکہ ممتاز ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سادپارہ، صادق حسین سادپارہ اور الیاس ہُشے نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔
چوٹی پر روپ فکسنگ کی ذمہ داری قائد شگری نے انجام دی، جس سے ٹیم کو محفوظ انداز میں سمٹ مکمل کرنے میں مدد ملی۔
