سٹاک ہوم/برسلز – یورپی کمشنر برائے دفاع اینڈریس کوبیلیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی فوج نے گرین لینڈ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو یہ اقدام نیٹو کا خاتمہ سمجھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بیان سویڈن میں ایک سیکیورٹی کانفرنس کے دوران دیا۔
اینڈریس کوبیلیس کا کہنا تھا کہ اگر ڈنمارک درخواست کرے تو یورپی یونین گرین لینڈ کے تحفظ کے لیے مدد فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی امریکی اقدام کا لوگوں میں اور یورپ اور امریکا کے ٹرانس اٹلانٹک تعلقات پر گہرا منفی اثر پڑے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ امریکا کسی فوجی کارروائی پر تیار ہے، تاہم یورپی یونین کے معاہدے کے آرٹیکل 42.7 کے تحت تمام رکن ممالک پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ڈنمارک کی مدد کے لیے اقدامات کریں، اگر کسی ملک پر جارحیت کی جائے۔
کوبیلیس نے کہا کہ ڈنمارک اس صورتحال میں کس طرح ردِ عمل دکھائے گا، یہ اس پر منحصر ہوگا، لیکن رکن ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ باہمی مدد فراہم کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ "میں وہی ہوں جس نے نیٹو کو بچایا ہے”، جبکہ گرین لینڈ کی خریداری یا امریکی زیرِ اثر بنانے کے امکانات پر عالمی سطح پر تشویش پھیل گئی ہے۔
گرین لینڈ کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے واضح کیا ہے کہ وہ نہ امریکا کے زیرِ اثر جانا چاہتی ہیں اور نہ ہی ڈنمارک کے، بلکہ اپنی الگ گرین لینڈی شناخت برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔
