پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) کے فائنل کے پیش نظر شائقین کرکٹ کی سہولت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں داخلے کے عمل کو منظم رکھنے کے لیے مختلف گیٹس کے ٹکٹ رکھنے والے افراد کے لیے الگ الگ راستے مختص کیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق جن شائقین کے پاس گیٹ نمبر 1 سے 8 تک کے ٹکٹس موجود ہیں، وہ فیفا گیٹ اور گلبرگ کالج کے راستے اسٹیڈیم میں داخل ہوں گے۔ جبکہ گیٹ نمبر 9 سے 16 تک کے ٹکٹ رکھنے والے شائقین کو لبرٹی گیٹ کے ذریعے داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ اس حکمت عملی کا مقصد رش کو کم کرنا اور سیکیورٹی چیکنگ کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
پی ایس ایل 11 کا فائنل میچ حیدرآباد کنگز مین اور پشاور زلمی کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے شائقین میں غیرمعمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
پی سی بی نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ میچ شروع ہونے سے کافی پہلے، یعنی شام 6 بج کر 15 منٹ تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ سیکیورٹی مراحل مکمل کرنے میں آسانی ہو اور کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے مزید اپیل کی ہے کہ شائقین مقررہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں، غیر ضروری سامان اسٹیڈیم لانے سے گریز کریں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پی ایس ایل 11 کا فائنل ایک محفوظ اور یادگار ایونٹ ثابت ہو سکے۔
