لندن – برطانیہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کے تحت ایران سے تعلق رکھنے والی 10 شخصیات اور ایک ادارے کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں ان افراد اور ادارے پر انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی بنیاد پر عائد کی گئی ہیں۔
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا مقصد انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث عناصر کو جوابدہ بنانا اور ایسے اقدامات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔ پابندیوں کے تحت متعلقہ افراد کے اثاثے منجمد کیے جائیں گے جبکہ ان پر برطانیہ میں داخلے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
حکومتِ برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر اقدامات جاری رکھے گی اور خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت مؤقف اپنائے گی۔
تاحال ایران کی جانب سے ان نئی پابندیوں پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
