Saudi Ministry of Interior نے بغیر حج پرمٹ حج کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف سخت جرمانوں اور سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد حج کے دوران سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق وہ تمام غیر ملکی، خصوصاً اقامہ ہولڈرز، جو غیر قانونی طور پر Mecca میں داخل ہوتے ہیں، وہاں قیام کرتے ہیں یا ایامِ حج کے دوران بغیر اجازت پائے جاتے ہیں، ان پر 20 ہزار سے لے کر 1 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایسے افراد کو ملک بدر کر کے ان پر 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات حج کے دوران حجاج کرام کی سیکیورٹی، سہولت اور مجموعی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حج جیسے بڑے اجتماع میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے، اس لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جا رہا ہے۔
مزید برآں سعودی شہریوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کی کسی قسم کی سہولت کاری سے باز رہیں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق ان سخت اقدامات کا مقصد حج کے مقدس فریضے کو محفوظ، منظم اور پرامن ماحول میں ادا کرنے کو یقینی بنانا ہے، تاکہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
