وزیراعظم شہبازشریف اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے ۔ نائب گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر گرمجوشی سے استقبال کیا ۔ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق بھی موجود تھے۔
دورہ کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سےملاقات ہوگی ۔ جس میں دو طرفہ تعلقات کےمزید فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورہ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قطر اور ترکیہ بھی جائیں گے ۔ جہاں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی امن اور عالمی امور پر بات چیت کی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ میں پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے ۔ دورے کے دوران ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
