وائٹ ہاؤس کی ترجمان Karoline Leavitt نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان واحد مؤثر ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے جنگ بندی کے لیے اسلام آباد کی کوششوں کو سراہا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری بات چیت مثبت اور نتیجہ خیز ہے اور مذاکرات کا اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر Islamabad میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔
ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی مکمل طور پر نافذ کی جا چکی ہے اور یہ ایرانی بندرگاہوں سے آنے جانے والے تمام ممالک کے جہازوں پر لاگو ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ چینی قیادت نے امریکی صدر Donald Trump کو یقین دہانی کرائی ہے کہ چین ایران کو اسلحہ فراہم نہیں کر رہا۔
ادھر امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا اور ایران جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ممکنہ فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی پیش رفت کا انحصار آئندہ مذاکرات پر ہوگا۔
