بھارت میں پہلگام واقعے سے متعلق سکیورٹی انتظامات اور انٹیلی جنس ناکامی پر بحث ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جب بھارتی میڈیا نے بھی حکومت کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔
بھارتی جریدے The Tribune کی رپورٹ کے مطابق واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود نہ تو مکمل تحقیقات سامنے آ سکیں ہیں اور نہ ہی سکیورٹی میں مبینہ غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کوئی واضح کارروائی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک بڑے سکیورٹی واقعے کے باوجود نظامی خامیوں پر مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں حکومت نے سکیورٹی اور انٹیلی جنس ناکامیوں کا اعتراف کیا تھا، تاہم بعد ازاں عملی طور پر ذمہ داری طے کرنے یا اصلاحی اقدامات کے حوالے سے پیش رفت محدود رہی۔
بھارتی میڈیا کے بعض حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ اتنے بڑے واقعے کے باوجود سکیورٹی پروٹوکول میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔
