سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا رواں ہفتے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے جا رہے ہیں، جس کے ساتھ ہی کرکٹ بورڈ میں بڑی انتظامی تبدیلی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
سری لنکن میڈیا رپورٹس کے مطابق شامی سلوا اپنی ایگزیکٹو کمیٹی سمیت استعفیٰ دیں گے، جس کے بعد عبوری انتظامیہ بورڈ کے معاملات سنبھالے گی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں حکومت کی جانب سے بھی ان پر عہدہ چھوڑنے کے لیے دباؤ کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق بینکاری شعبے سے تعلق رکھنے والے ایرن وکرامارتنے کو نئی انتظامیہ میں اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا قوی امکان ہے اور انہیں اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ شامی سلوا کو گزشتہ چند برسوں کے دوران مختلف الزامات اور تنازعات کا سامنا رہا، جس کے باعث سری لنکا کرکٹ میں اصلاحات اور قیادت کی تبدیلی کی بحث شدت اختیار کر گئی تھی۔
