پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن 11 کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شائقین میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کرکٹ شائقین آج شام 4 بجے سے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی نشستیں بک کر سکیں گے، جبکہ فزیکل ٹکٹوں کی فروخت 28 اپریل بروز منگل صبح 10 بجے سے لاہور کے 18 مقررہ مراکز پر شروع ہوگی۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ اس بار کمپلیمنٹری (مفت) ٹکٹوں کی کیٹیگری مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، جبکہ ٹکٹوں کی قیمتیں 1500 روپے سے 12000 روپے کے درمیان رکھی گئی ہیں۔
فائنل میچ 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شام 6:30 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ اختتامی تقریب سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔
ٹکٹوں کی قیمتوں کی تفصیل:
- وی وی آئی پی (وقار یونس انکلوژر): 8,000 روپے
- ظہیر عباس انکلوژر (جناح اینڈ): 10,000 روپے
- پی سی بی گیلری: 12,000 روپے (سب سے مہنگی)
- وی آئی پی (فضل محمود، عمران خان): 6,000 روپے
- پریمیئم (راجہ، سعید انور): 4,000 روپے
- فرسٹ کلاس (عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد، سرفراز نواز): 2,000 روپے
- جنرل (حنیف محمد، امتیاز احمد، سعید احمد، انضمام الحق): 1,500 روپے
پی سی بی کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کا یہ مرحلہ نہ صرف فائنل کے لیے دلچسپی میں اضافہ کرے گا بلکہ ملک میں کرکٹ کلچر کو فروغ دینے اور اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
