برطانیہ میں آج اہم انتخابی معرکہ سجے گا جہاں اسکاٹ لینڈ اور ویلز کی پارلیمنٹس سمیت انگلینڈ کی 136 مقامی کونسلوں کے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 5 ہزار 66 نشستوں کے لیے 25 ہزار سے زائد امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں، جبکہ مختلف سیاسی جماعتیں اسے مستقبل کی قومی سیاست کے لیے اہم امتحان قرار دے رہی ہیں۔
خصوصی طور پر برمنگھم میں پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کی بھرپور سیاسی سرگرمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں 170 سے زائد پاکستانی اور مسلم امیدوار مختلف نشستوں پر قسمت آزما رہے ہیں۔
ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوگی اور رات 10 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ ووٹوں کی گنتی جمعہ کی صبح شروع ہونے کا امکان ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ انتخابات برطانیہ کے سیاسی منظرنامے کے لیے انتہائی اہم سمجھے جا رہے ہیں، کیونکہ ان کے نتائج مستقبل کی قومی پالیسیوں، مقامی حکومتوں کی سمت اور بڑی سیاسی جماعتوں کی مقبولیت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
