ڈھاکا کے شیرِ بنگلا اسٹیڈیم میں جاری پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن میزبان ٹیم نے مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنا لیے۔
کھیل کے اختتام پر مشفق الرحیم 48 جبکہ لٹن داس 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
بنگلادیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شنتو نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 101 رنز بنائے، جبکہ مومن الحق 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں محمود الحسن جوائے 8 اور شادمان اسلام 13 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے ابتدائی اوورز میں فاسٹ بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی اور جلد دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم بعد ازاں بنگلادیشی بیٹرز نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث اس میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
