بھارتی اداکار وجے تھلاپتی تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بن گئے، 200 یونٹ تک فری بجلی کا اعلان

Indian actor Vijay Thalapathy becomes Chief Minister of Tamil Nadu, announces free electricity up to 200 units

بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں سیاسی منظرنامہ اس وقت بڑی تبدیلی سے گزر گیا جب معروف فلمی اداکار وجے تھلاپتی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی پُروقار تقریب چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں عوام، سیاسی شخصیات اور ان کے مداحوں نے شرکت کی۔

وجے تھلاپتی کی سیاسی جماعت تاملگا ویٹری کڑگم نے حالیہ ریاستی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو سو چونتیس میں سے ایک سو آٹھ نشستیں جیت لیں۔ حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت ایک سو اٹھارہ نشستیں تھی، تاہم کانگریس، سی پی آئی، سی پی ایم اور انڈین یونین مسلم لیگ سمیت اتحادی جماعتوں کی حمایت سے انہیں واضح اکثریت حاصل ہوگئی۔

حلف اٹھانے کے بعد وجے تھلاپتی نے اعلان کیا کہ وہ ریاست کی مالی صورتحال پر جلد ایک وائٹ پیپر جاری کریں گے تاکہ عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری نتائج کی توقع نہیں رکھنی چاہیے اور انہیں اصلاحات کے لیے وقت دیا جائے۔

انہوں نے خواتین کے تحفظ اور منشیات کے خاتمے کو اپنی حکومت کی ترجیحات قرار دیتے ہوئے سخت اقدامات کا اعلان کیا۔ اسی موقع پر انہوں نے حکومت کی پہلی کابینہ کی منظوری کے ساتھ ہی متعدد اہم فیصلوں پر دستخط کیے جن میں دو سو یونٹ تک مفت بجلی کی فراہمی، خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کا قیام اور منشیات کے خلاف خصوصی یونٹس کی تشکیل شامل ہے۔

حلف برداری کے بعد وجے تھلاپتی نے اسمبلی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا، کیونکہ وہ دو نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے اور قانون کے مطابق ایک ہی نشست برقرار رکھی جا سکتی ہے۔ ان کی خالی کردہ نشست پر چھ ماہ کے اندر ضمنی انتخاب ہوگا۔

نئی حکومت کے آغاز کے ساتھ ہی تامل ناڈو میں سیاسی اور انتظامی تبدیلیوں کا نیا دور شروع ہو گیا ہے، جس پر ملکی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے