میکسیکو میں جاری اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انڈر 16 ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے مسلسل فتوحات کے ذریعے ایونٹ میں اپنی مضبوط موجودگی ثابت کر دی۔
پاکستانی ٹیم نے گروپ مرحلے میں اپنے چاروں میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ قومی ٹیم نے انڈونیشیا، میزبان میکسیکو، روس اور ویلز کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں، جس کے بعد اب فائنل میں رسائی کیلئے اس کا مقابلہ برازیل سے ہوگا۔
اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں دنیا کے 30 ممالک شریک ہیں جبکہ ٹورنامنٹ میں بوائز اور گرلز دونوں کیٹیگریز کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ یہ عالمی ایونٹ سڑکوں سے وابستہ بچوں کے حقوق، تعلیم، تحفظ اور شناخت کو اجاگر کرنے کیلئے منعقد کیا جاتا ہے۔
پاکستانی ٹیم کھیلوں کے ذریعے تعلیم اور سماجی تبدیلی کیلئے کام کرنے والی تنظیم Muslim Hands کے تعاون سے ایونٹ میں شریک ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹیم ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی پروگرام میں بھی شرکت کرے گی جہاں بچوں کے حقوق اور سماجی مسائل پر آواز اٹھائی جائے گی۔
