گورنرخیبرپختونخوا نے وزیراعلی کی جانب سے بھجوائی گئی صوبائی کابینہ میں توسیع کی سمری منظور کرلی جبکہ محکمہ ایڈمنسٹریشن نے مشیروں اور معاونین خصوصی کا اعلامیہ جاری کردیا ۔
سمری کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے چھ نئے وزراء ، چار مشیر اور آٹھ معاونین خصوصی کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب کل بروز اتوار گورنرہاوس میں منعقد ہوگی۔ محکمہ ایڈمنسٹریشن نے چارمشیروں اور 8معاون خصوصی کا اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیہ کے مطابق مشیروں میں پیر مصور خان، لیاقت علی خان، ہمایوں خان اور میاں محمد عمر کو شامل کیا گیا ہے اور معاونین خصوصی میں طارق سعید، محمد عثمان، طفیل انجم ،افتخار اللہ جان ، سمیع اللہ خان، ملک عدیل اقبال، محمد خورشید اور محمد اسرار کے نام شامل ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق نئے وزرا میں نذیر احمد عباسی، شکیل احمد، محمد عدنان قادری، محمد عارف احمدزئی، طارق محمود آریانی اور شفیع اللہ جان شامل ہیں۔
