سلہٹ ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگز میں 232 رنز پر آؤٹ، بنگلادیش کو 156 رنز کی برتری حاصل

Sylhet Test: Pakistan all out for 232 in first innings, Bangladesh take 156-run lead

بنگلادیش کے خلاف سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ دوسرے دن کے اختتام تک بنگلادیش نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا لیے ہیں۔ میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 156 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 21 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی، تاہم دونوں اوپنرز جلد پویلین لوٹ گئے۔ اذان اویس 13 اور عبداللّٰہ فضل 9 رنز بنا سکے۔

قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 61 رنز پر گری جب کپتان شان مسعود 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سعود شکیل صرف 8 رنز بنا سکے اور ٹیم کا اسکور 79 رنز تک پہنچا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے نمایاں اننگز بابر اعظم نے کھیلی، جنہوں نے 68 رنز اسکور کیے۔ وہ 142 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 21، محمد رضوان 13 اور حسن علی 16 رنز بنا سکے۔

نچلے نمبروں پر ساجد خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 38 رنز بنائے، تاہم پوری ٹیم 232 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

46 رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی بنگلادیشی ٹیم کو پہلا نقصان 15 رنز پر اٹھانا پڑا جب خرم شہزاد نے تنزید حسن کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔

اس کے بعد محمود الحسن جوئے اور مومن الحق نے دوسری وکٹ کے لیے 76 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمود الحسن جوئے 52 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دن کے اختتام سے قبل مومن الحق بھی 30 رنز بنا کر خرم شہزاد کا شکار بن گئے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کپتان نجم الحسن شانتو 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پہلے روز بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، جہاں لٹن داس نے شاندار 126 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے