شہباز شریف ایک روزہ دورے کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں تاہم وزیراعظم کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بلوچستان کی امن و امان صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ شرکاء کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی اور صوبائی وزرا بھی اجلاس میں شریک ہوئے، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ان کے علاوہ وفاقی وزراء احسن اقبال، محسن نقوی اور خواجہ آصف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں امن دشمن عناصر کےخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ایپکس کمیٹی شرکا نے کہا کہ امن دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں، شہداء کی قربانیوں سے بلوچستان اور ملک میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
