حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آنے والے حجاج کرام کے لیے ایئرلائنز نے سامان کے وزن اور آبِ زم زم کی ترسیل سے متعلق نئی پالیسی جاری کر دی ہے، جس کے تحت تمام حجاج کو اپنے ذاتی سامان کے ساتھ آبِ زم زم لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی حجاج کرام کو 5 لیٹر آبِ زم زم وطن واپسی پر متعلقہ ایئرپورٹ پر فراہم کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سامان کی نقل و حمل کو منظم بنانا اور سفری سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔
پالیسی کے تحت سعودی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے حجاج کو آبِ زم زم کی بوتل سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر ہی فراہم کی جائے گی، جبکہ دیگر پاکستانی ایئرلائنز کے مسافروں کو یہ سہولت پاکستان پہنچنے پر دی جائے گی۔
سامان کے وزن کے حوالے سے جاری ہدایات کے مطابق سرکاری اور نجی پاکستانی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے حجاج کرام 40 کلوگرام تک سامان اپنے ساتھ لا سکیں گے۔ دوسری جانب سعودی ایئرلائنز کے مسافروں کے لیے 46 کلوگرام سامان کی اجازت دی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور سعودی ایئرلائنز میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 7 کلوگرام تک دستی سامان (ہینڈ کیری) لے جانے کی اجازت بدستور برقرار رہے گی۔
حج انتظامات سے وابستہ حکام نے حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی اور واپسی کے دوران سامان کے مقررہ وزن اور دیگر قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں تاکہ سفری مراحل بغیر کسی دشواری کے مکمل ہو سکیں۔
