نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج سے 15 جون تک بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کےخدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بارشوں کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونےکا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اےکے مطابق پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور برساتی آبی گزر گاہوں میں اچانک طغیانی کا امکان ہے، چترال، شانگلہ،کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنےکی ہدایت کردی ، کہا گیا کہ سیاح اور مسافر شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
12 تا 15 جون گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی الرٹ جاری کردیاگیا، قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جون کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کی توقع ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے بھی بادل برسنے کی امید ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
