راولپنڈی میں غیر مجاز ٹی20 کرکٹ ایونٹ: پی سی بی نے شرکت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا

اے سی سی ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026: پی سی بی نے پاکستان ویمنز ’اے‘ سکواڈ کا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی میں مجوزہ غیر منظور شدہ ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملک بھر کے کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور کرکٹ سے وابستہ دیگر افراد کو اس ایونٹ سے مکمل طور پر دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بورڈ کو راولپنڈی میں ایک غیر منظور شدہ ٹی20 ٹورنامنٹ کے انعقاد اور آئندہ دنوں میں پلیئرز ڈرافٹ کے انعقاد کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد معاملے کا فوری نوٹس لیا گیا۔

بورڈ نے واضح کیا کہ مذکورہ ایونٹ کے منتظمین نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی (No Objection Certificate) حاصل نہیں کیا، حالانکہ ملک میں نجی سطح پر منعقد ہونے والے تمام کرکٹ ٹورنامنٹس کے لیے پی سی بی کی پیشگی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق مرکزی اور ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں، رجسٹرڈ کرکٹ کلبوں، محکمانہ ٹیموں، ضلعی اور علاقائی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے وابستہ کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، امپائرز، اسکوررز اور دیگر آفیشلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس غیر منظور شدہ ایونٹ میں شرکت، میچ آفیشیٹنگ، انتظامی امور، تشہیری سرگرمیوں یا کسی بھی نوعیت کی خدمات انجام دینے سے گریز کریں۔

پی سی بی نے خبردار کیا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی قسم کی شمولیت کو بورڈ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

بورڈ نے ایونٹ سے وابستہ کمرشل پارٹنرز، اسپانسرز اور براڈکاسٹ اداروں کو بھی اپنی وابستگی پر ازسرِ نو غور کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ کسی غیر مجاز سرگرمی کا حصہ بننے سے بچ سکیں۔

دریں اثنا ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی سی اے) راولپنڈی نے بھی پی سی بی کی ہدایات تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز تک پہنچاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بورڈ سے رجسٹرڈ کسی بھی کھلاڑی، کلب، کوچ، امپائر یا آفیشل کو پی سی بی کی پیشگی اجازت کے بغیر غیر منظور شدہ ٹورنامنٹس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ڈی سی اے راولپنڈی کے سیکرٹری ذوالفقار علی نے کہا کہ اگر کوئی رجسٹرڈ کھلاڑی، کلب یا آفیشل ایسے کسی غیر مجاز ایونٹ میں شریک پایا گیا تو اس کے خلاف پی سی بی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے قواعد کے تحت قانونی اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے