پاسداران انقلاب فورس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر آج دستخط متوقع ہیں۔
ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اتوار کے روز کسی بھی معاہدے پر دستخط نہیں کیے جائیں گے۔ بیان کے مطابق ایران نے اپنے مؤقف سے متعلق تمام ضروری وضاحتیں پہلے ہی فراہم کر دی ہیں۔
پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ معاہدے پر دستخط کی تقریب کو 14 جون سے منسلک کرنا چاہتے ہیں، جو ان کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق امریکی صدر اس موقع کو علامتی اہمیت دے کر ذاتی تشہیر اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذاکراتی عمل کو سیاسی یا شخصی مفادات کے بجائے سنجیدگی اور سفارتی اصولوں کے تحت آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ ایرانی حکام کے مطابق معاہدے سے متعلق حتمی فیصلہ ابھی زیر غور ہے اور کسی مخصوص تاریخ پر دستخط کی تصدیق نہیں کی گئی۔
