پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ٹی ایف) کی جانب سے ایشین گیمز میں شرکت سے متعلق جاری کیے گئے اعلان نے قومی ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
فیڈریشن نے ایشین گیمز کے لیے قومی ٹیم کے ٹرائلز کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منتخب ہونے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ایونٹ میں شرکت کے تمام اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق ایشین گیمز کے لیے دو روزہ ٹرائلز لاہور میں جاری ہیں، جن کا آخری روز کل ہوگا۔ فیڈریشن کی جانب سے ٹرائلز میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس کو کسی قسم کا سفری یا یومیہ الاؤنس (ٹی اے/ڈی اے) بھی فراہم نہیں کیا گیا۔
پی ٹی ٹی ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اس مہم کے لیے مالی معاونت فراہم نہیں کر رہا اور نہ ہی ایئر ٹکٹس یا دیگر انتظامی اخراجات میں کوئی تعاون کر رہا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق ایشین گیمز کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اپنے ہوائی سفر کے اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے، جبکہ رہائش اور خوراک کے لیے بھی یومیہ 50 امریکی ڈالر کے حساب سے بورڈنگ اور لاجنگ چارجز ادا کرنا ہوں گے۔
اس فیصلے کے بعد متعدد کھلاڑیوں نے مالی بوجھ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح کے ایونٹس میں ملک کی نمائندگی کے لیے ایتھلیٹس کو مالی معاونت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ باصلاحیت کھلاڑی صرف وسائل کی کمی کی وجہ سے مواقع سے محروم نہ ہوں۔
