’’سب کو مبارک ہو، ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو گیا ہے۔‘‘ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ مکمل ہو چکا ہے اور اس پیش رفت کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور بحری تجارت کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’سب کو مبارک ہو، ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو گیا ہے۔‘‘ انہوں نے اعلان کیا کہ ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے اور دنیا بھر کے تجارتی جہاز اپنی معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق تیل کی عالمی ترسیل کی بحالی کا وقت آ گیا ہے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کے بعد آبنائے ہرمز کو باضابطہ طور پر کھول دیا جائے گا اور اسے بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔

بعد ازاں امریکی اخبار The New York Times سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران مستقبل میں حتمی جوہری معاہدے تک نہ پہنچا تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کا ٹول یا اضافی فیس عائد نہیں ہوگی، جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی منڈیوں کو فائدہ پہنچے گا۔

صدر ٹرمپ نے اس پیش رفت کو اپنی خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی امریکی صدور ایران کے ساتھ پائیدار امن قائم کرنے میں ناکام رہے، تاہم ان کی انتظامیہ نے ’’حقیقی معنوں میں امن‘‘ کے قیام کی بنیاد رکھ دی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے