اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل António Guterres نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کو مبارکباد دی ہے اور اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں گوتریس نے کہا کہ یہ معاہدہ مستقل جنگ بندی، علاقائی استحکام اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کی جانب ایک مثبت اور اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی تنازعات کے پائیدار حل کا مؤثر راستہ ہیں اور حالیہ پیش رفت اسی حقیقت کی عکاسی کرتی ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے مذاکراتی عمل میں کردار ادا کرنے والے ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان، قطر، سعودی عرب اور دیگر شراکت دار ممالک کی سفارتی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
گوتریس نے امید ظاہر کی کہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد سے نہ صرف خلیجی خطے میں استحکام آئے گا بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری دیگر تنازعات کے حل کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا ہوگا۔
