ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

انگلینڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف آسٹریلیا سے ہوگا۔

آئی سی سی کے مطابق چوٹ کے بعد ٹیم میں واپس آنے والی نیٹ سیور برنٹ نے شاندار 75 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ ہیتھر نائٹ نے 58 رنز بنا کر انگلش ٹیم کو ابتدائی مشکلات سے نکالا۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 133 رنز کی تاریخی شراکت قائم کی، جو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی سیمی فائنل تاریخ کی سب سے بڑی شراکت داری بن گئی۔

ٹاس جیت کر جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم انگلش ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور پاور پلے کے دوران صرف 23 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں۔ ایمی جونزڈینی وائٹ ہوج 12 اور ایلس کیپسی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

مشکل صورتحال میں نیٹ سیور برنٹ اور ہیتھر نائٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور بعد ازاں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 20 اوورز میں 169 رنز تک پہنچا دیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے نونکولولیکو ملابا اور شابنم اسماعیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان لارا وولوارڈٹ صرف 17 رنز بنا سکیں، جبکہ تزمن برٹس نے 51 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ تعاون نہ مل سکا۔

انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین اور لارین بیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لنسی سمتھ، فریا کیمپ اور سوفی ایکلسٹون نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے