دریائے سندھ پر سودا کرنے کو تیار نہیں،جنگ لڑنے کو تیار ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے، دریائے سندھ پر سودا کرنے کو تیار نہیں،جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔ مریں گے لیکن سندھ طاس معاہدے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

گلگت میں نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد ایڈووکیٹ کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک افواج نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دی، بھارت کو پاکستان سے شکست ہضم نہیں ہورہی، بھارت نے اب اسرائیلی ماڈل اپنالیا ہے۔ کہا ایران نے اسرائیل کو جنگ میں شکست دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں مداخلت کی بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے، سندھو پر کوئی سودا نہیں کریں گے،بھارت کو جواب دیں گے، سندھو پر جنگ لڑنی پڑی تو لڑیں گے، سندھ طاس معاہدے پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مودی افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کرنا چاہتا ہے، بھارت پاکستان میں سازش کی کوشش کررہاہے،انشاءاللہ اسے ناکام کرائیں گے، مودی،ہم جانتےہیں بلوچستان میں آپ کیا کرنا چاہتےہیں، ہم جانتےہیں افغانستان کے ذریعے خیبرپختونخوا میں آپ کیا کرناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ میں ہماری فوج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، بھارت کو عبرتناک شکست ہضم نہیں ہورہی، ہماری آپس میں سیاست اور اختلاف چلتا رہے گا مگر بھارت کیخلاف عزم ،حقوق کی جدوجہد میں تمام پاکستانی ایک ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سردیوں سے پہلے بلدیاتی الیکشن کرائیں گے، پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے پر آئی پی پی کا بھی شکرگزارہوں، آئی پی پی اور ن لیگ کے دوستوں کے ساتھ مل کر مسائل حل کریں گے، عوامی خدمت کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، گلگت کے عوام کو حق روزگار دلائیں گے، عوام کا مینڈیٹ ہمارے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے اپنے وعدوں پر عمل کرے، گلگت بلتستان کے عوام کو اپنی زمین کا مالک بنائیں گے، وہ دن دیکھنا چاہتاہوں جب قومی اسمبلی میں جی بی کے نمائندے ہوں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جی بی اور آزادکشمیر کو آئینی حقوق دینا پڑیں گے، جی بی اور آزادکشمیر پرانی تنخواہ پر چلنے کو تیار نہیں، آزادکشمیر میں سازشی عناصر عوام کو غلط سمت میں لےجانا چاہتےہیں، کچھ جماعتوں نے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا جو افسوسناک ہے، گلگت کے عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے