کراچی میں چوری کی گیس پلاسٹک تھیلیوں میں بھر کر بجلی بنانے والا منظم گروہ پکڑا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق سوئی سدرن حکام نے کراچی کے علاقے گلزار ہجری میں چھاپا مار کر 3 افراد کو گرفتار کیا جو گیس چوری کرکے اے پلاسٹک کی تھیلیوں میں بھرتے پھر اس سے بجلی بناتے تھے۔
ترجمان سوئی سدرن نے بتایا کہ ملزمان چوری شدہ گیس سے چلنے والے دو گیس جنریٹر استعمال کر رہے تھے، موقع سے دو 33 کے وی اے اور ایک 41.3 کے وی اے گیس جنریٹر برآمد ہوئے جن کے ذریعے اپارٹمنٹ کمپلیکس کے تقریباً 300 فلیٹس اور 100 دکانوں کو غیرقانونی طور پر بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔
سوئی سدرن حکام کے مطابق ملزمان اس غیرقانونی بجلی کی فراہمی کے عوض صارفین سے تقریباً 20 ہزار روپے ایڈوانس جبکہ 2 ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے۔
ترجمان سوئی سدرن کے مطابق کارروائی کے دوران گیس چوری کے لیے استعمال ہونے والی تمام غیرقانونی پائپ لائنیں ہٹا دی گئیں اور بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہونے والے جنریٹرز کو فراہم کی جانے والی تمام غیر مجاز گیس سپلائی بھی منقطع کر دی گئی۔
ترجمان ایس ایس جی کے مطابق یہ کارروائی پولیس کے ہمراہ کی گئی اور ملزمان رحمت اللہ، حیات مسعود اور سلیم مسعود کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چھتوں پر رکھی بڑی تھیلیوں میں بھری گیس کسی بم کی طرح پھٹ کر تباہی پھیلا سکتی تھی
