امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خلیج کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور مختلف محاذوں پر باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مختلف علاقائی محاذوں پر مسلسل رابطے اور قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نیتن یاہو کو خلیجی خطے میں امریکا کی حالیہ کارروائیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔
اسرائیلی وزیراعظم نے گفتگو کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کے رفقاء کی جانب سے اسرائیل کے خلاف دیے گئے حالیہ بیانات پر تشویش کا اظہار کیا۔ نیتن یاہو نے اس معاملے کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی سرحدوں کے ساتھ حفاظتی زونز برقرار رکھنا ملکی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
