غیرقانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا نیا مرحلہ شروع کر دیا گیا، ڈیڈ لائن ختم، اب گرفتاریاں، ملک بدری اور سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن ہوگا۔
پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق بغیر ویزا پاکستان میں مقیم ہر افغان شہری کو فوری گرفتار کر کے ملک بدر کیا جائے گا، جبکہ غیرقانونی افغان باشندوں کو پناہ دینے یا کرائے پر رہائش فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی۔راولپنڈی سمیت پنجاب میں افغان باشندوں کی جیو ٹیگنگ اور جیو فینسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس ڈیٹا کی مدد سے گرفتاریاں تیز کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ ارسال کی جائے گی، جس میں گرفتار کیے گئے بغیر ویزا افغان شہریوں کی تعداد، جاری کارروائیوں کی تفصیلات اور زیر حراست افراد کی موجودہ صورتحال شامل ہوگی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے اٹھائیس جون کو گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام صوبوں کو مراسلہ بھی جاری کیا تھا۔
