پاکستانی طلبہ نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 2026 میں تین کانسی کے تمغے اپنے نام کر لیے، جبکہ دو طلبہ کو اعزازی اسناد سے بھی نوازا گیا۔
انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 4 سے 12 جولائی تک کولمبیا میں منعقد ہوا، جس میں 90 سے زائد ممالک کے 400 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔ سخت مقابلے کے بعد پاکستانی ٹیم نے تین برانز میڈلز جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کے لیے کانسی کے تمغے حاصل کرنے والے طلبہ میں ڈی جی خان کے ذوالفقار علی، راولپنڈی کے حمدان علوی اور اسلام آباد کے دانیال شہزاد حامد شامل ہیں، جبکہ لاہور کے حمزہ محمود اور راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز کو بہترین کارکردگی پر اعزازی اسناد دی گئیں۔
پاکستانی ٹیم کے طلبہ کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) کے زیر اہتمام نیشنل سائنس ٹیلنٹ مقابلوں کے ذریعے کیا گیا۔ انتخاب کے بعد طلبہ کو پی آئی ای اے ایس کیمپس میں نظریاتی اور عملی تربیت فراہم کی گئی، جہاں ملکی اور بین الاقوامی ماہرین نے ان کی رہنمائی کی۔
عالمی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر عرفان اور ڈاکٹر وسیم نے کی، جن کی نگرانی میں طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
