چین کے شہر ہائیکو میں جاری اے وی سی ایشین بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ 2026ء میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے اپنے آخری گروپ میچ میں تھائی لینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ مرحلہ ناقابلِ شکست مکمل کر لیا۔
قومی ٹیم نے گروپ سی کے اہم مقابلے میں تھائی لینڈ کو 25-19، 25-19 اور 25-23 سے زیر کر کے مسلسل تیسری کامیابی اپنے نام کی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور پورے گروپ مرحلے کے دوران ایک بھی سیٹ اپنے حریفوں کے حوالے نہیں کیا۔
پاکستان اس سے قبل کرغیزستان اور قازقستان کو بھی یکطرفہ مقابلوں میں 3-0 سے شکست دے چکا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بنی۔
گروپ مرحلے میں پاکستان نے کرغیزستان کو 25-10، 25-19 اور 25-17 جبکہ قازقستان کو 25-14، 25-12 اور 25-9 سے شکست دی، جبکہ تھائی لینڈ کے خلاف بھی قومی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی۔
پاکستان کی جانب سے فہد علی، محمد انس اور کپتان محمد عرفان نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ تیسرے سیٹ میں تھائی لینڈ نے سخت مزاحمت کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے دباؤ کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔
