ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان مسائل کے حل کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد جاری رہنا چاہیے، پاکستان آبنائے ہرمز سے تجارت،پیٹرولیم مصنوعات کی باآسانی فراہمی پر یقین رکھتاہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہناتھا کہ پاکستان فریقین پر ضبط وتحمل کا مظاہرہ کرنے کیلئے زور دیتا ہے، تنازع کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان قیام امن کیلئے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان کے نزدیک امن اور استحکام کے سوا کوئی متبادل نہیں، تمام تنازعات کا حل بالآخر مذاکرات اور سفارتکاری میں مضمرہے۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان تمام فریقوں کو جنگ سے گریز کی ترغیب دیتا رہے گا، امید ہے فریق تنازعات کے پرامن حل کیلئے اپنے عزم پر قائم رہیں گے، آبنائے ہرمز میں غیر معمولی صورتحال سے گلوبل ساؤتھ ممالک بھی متاث رہو رہےہیں۔
