ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین، کویت اور اردن میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو مزید میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں اہواز کے قریب بچوں کے کینسر اسپتال اور ایلام میں زائرینِ کربلا کے لیے قائم پانی کی تنصیب بھی متاثر ہوئی۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان کے مطابق بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے فضائی نگرانی اور کنٹرول ریڈارز، سپر ہاک ریڈار سسٹمز، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور جنگی طیاروں کے لیے ایندھن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کویت کے علی السالم ایئر بیس پر مشترکہ ڈرون اور میزائل حملوں کے دوران سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز، ابتدائی وارننگ ریڈار اور دیگر امریکی فوجی تنصیبات کو بھی ہدف بنایا گیا۔
آئی آر جی سی کے مطابق اردن کے الازرق ایئر بیس پر امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور جنگی طیاروں سے متعلق تنصیبات پر خیبر شکن بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کویت کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو فلسطین، لبنان، ایران اور یمن کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں اور خطے سے امریکی افواج کے انخلاء کی حمایت کریں۔
