عمرہ زائرین کی تعداد میں 22 فیصد سے زیادہ اضافہ، پاکستانی معتمرین سب سے زیادہ

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ ہوا ہے اور  معتمرین میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں سال حج کے بعد  15 ذوالحج 1448 ہجری سے  عمرہ سیزن کا آغاز ہوا تھا اور تب سے لے کر 29 محرم تک ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 لاکھ سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا۔

سعودی وزارت کے مطابق پاکستان سے سب سے زیادہ 2 لاکھ عمرہ زائرین آئے، اس کے بعد انڈونیشیا سے ایک لاکھ 70 ہزار اور پھر عراق سے ایک لاکھ 30 ہزار زائرین مملکت پہنچے۔

واضح رہےکہ سعودی عرب نے عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا تھا۔

 ویزوں کی آخری تاریخ یکم شوال 1448ھ (9 مارچ 2027) ہے، جب کہ زائرین کے داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448ھ (23 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے۔

سعودی عرب سے زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448ہجری، 7 اپریل 2027 مقرر کی گئی ہے۔

سعودی حکام نے زائرین کو ہدایت کی ہےکہ وہ بروقت رجسٹریشن اور سفری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ عمرہ ادائیگی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 پاکستان میں عازمین حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری

دوسری جانب پاکستان میں عازمین حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق آن لائن رجسٹرڈ عازمین حج کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار ہوگئی ہے، 2 لاکھ 46 ہزار افراد نے سرکاری اور 94 ہزار نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔

 ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی آن لائن وصولی کا اعلان جلد متوقع ہے، رجسٹرڈ عازمین وزارت سے  رابطے یا رہنمائی کے لیے "پاک حج” ایپ یا حج ہیلپ لائنز کا استعمال کریں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے