اسلام آباد میں کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات تاریخی روابط پر استوار ہیں، جبکہ کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔
نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بات چیت سے مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع سامنے آئے، اقتصادی تعاون دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے، کاروباری روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، پاکستان تعلیم، آئی ٹی اور زراعت میں کینیڈین تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں نئے پروٹو کول پر جلد دستخط ہوں گے، نئے معاہدے پر وزیر اعظم ہاؤس میں دستخط کیے جائیں گے، جبکہ صلاحیت سازی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ معاہدے کی کامیاب تکمیل دونوں ممالک کیلئے سود مند ثابت ہوگی، معاہدہ کینیڈین کاروباری اداروں کیلئے ساز گار فریم ورک فراہم کرے گا۔
پاکستان کیلئے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے: انیتا آنند
دوسری جانب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انیتا آنند کا کہنا تھا کہ سال بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان کینیڈا کی تجارتی تنوع کی حکمت عملی میں اہم شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد کینیڈین مضبوط پل کا کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل ستائش ہیں، علاقائی کشیدگی کے حل کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کرتے ہیں۔
کینیڈین وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام فریقن کو تحمل، بردباری اور شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینی چاہیے، کینیڈا اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کے نئے معاہدے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زرعی تجارت کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں، پاکستان میں کینیڈین کینولا، چنے اور دالوں کی برآمدات بڑھانے کے خواہاں ہیں، کینولا کی برآمدات میں اضافے کیلئے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔
انیتا آنند کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں کینیڈا کا اہم شراکت دار ہے، ایران سے متعلق مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کینیڈا پاکستان کے لیے 22 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے نئے سکیورٹی اقدامات متعارف کرا رہا ہے، جن پر انٹرپول، اقوام متحدہ اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر عمل درآمد کیا جائے گا۔
کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کے نئے منصوبوں پر کام جاری ہے، نئے منصوبے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور مقامی آبادی کی استعداد بڑھانے میں مدد دیں گے۔
انیتا آنند نے مزید اعلان کیا کہ کینیڈا پاکستان کے لیے 45 ملین ڈالر مالیت کے تین نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرے گا، جن کا مقصد پائیدار ترقی، موسمیاتی لچک اور مقامی کمیونٹیز کی بہتری کو فروغ دینا ہے۔
