پاکستان کے سینئر سفارتکار ٹیپو عثمان نے 20 جولائی 2026 کو لندن میں پاکستان ہائی کمیشن پہنچ کر برطانیہ میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
ٹیپو عثمان ایسے وقت میں لندن میں پاکستان کے سفارتی مشن کی قیادت سنبھال رہے ہیں جب پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کئی اہم معاملات پر سفارتی رابطوں کے ایک حساس مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
پاکستان فارن سروس کے سینئر افسر ٹیپو عثمان کو دوطرفہ اور کثیرالجہتی سفارت کاری کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ اپنی نئی ذمہ داری سے قبل وہ اسلام آباد میں چیف آف اسٹیٹ پروٹوکول کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں انہوں نے اہم ریاستی اور سفارتی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔
ان کے سفارتی کیریئر میں سعودی عرب میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن، نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مشن میں کونسلر، ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں فرسٹ سیکرٹری اور کینیڈا کے شہر وینکوور میں وائس قونصل کے طور پر اہم ذمہ داریاں شامل ہیں۔
نئے ہائی کمشنر کی تعیناتی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بعض اہم معاملات پر سفارتی توجہ درکار ہے۔
شبیّر احمد کی برطانیہ سے پاکستان ممکنہ حوالگی کا معاملہ ان مسائل میں شامل ہے جس پر دونوں ممالک میں گفتگو جاری ہے۔ برطانیہ کی جانب سے سزا یافتہ مجرم کی پاکستان منتقلی کے معاملے پر اسلام آباد نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ جرائم برطانیہ میں ہوئے، قانونی کارروائی بھی برطانیہ میں ہوئی، اس لیے اس معاملے کی ذمہ داری برطانوی نظام انصاف اور امیگریشن قوانین کے تحت بنتی ہے۔
سفارتی مبصرین کے مطابق نئے ہائی کمشنر کے لیے اہم چیلنج یہ ہوگا کہ ایسے حساس معاملات کو سفارتی رابطوں کے ذریعے حل کیا جائے جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
برطانیہ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے روابط ترجیح
برطانیہ میں آباد 17 لاکھ سے زائد پاکستانی اور کشمیری نژاد افراد پاکستان کے لیے ایک اہم اثاثہ ہیں۔
ٹیپو عثمان کے لیے اوورسیز پاکستانیوں سے مضبوط روابط، ان کے مسائل کا حل اور ہائی کمیشن کی خدمات کو مزید مؤثر بنانا اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔
پاکستان ہائی کمیشن اور قونصل خانوں کے ذریعے پاسپورٹ، نائیکوپ، ویزا، دستاویزات اور دیگر قونصلر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، جن میں بہتری اور عوامی رابطوں کا فروغ بھی نئے ہائی کمشنر کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاج اور کمیونٹی روابط
حالیہ عرصے میں برطانیہ میں بعض سیاسی معاملات پر احتجاجی سرگرمیاں بھی دیکھنے میں آئیں، جن میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مظاہرے شامل ہیں۔
نئے ہائی کمشنر کو مختلف سیاسی خیالات رکھنے والی کمیونٹی تنظیموں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھتے ہوئے مکالمے اور مثبت روابط کو فروغ دینا ہوگا تاکہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔
