سعودی عرب نے خیبر پختونخوا میں سکیورٹی چوکی پر ہونے والے خودکش دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی کی ہر شکل کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مملکت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور ایسے تمام مجرمانہ اقدامات کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔
بیان میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے مطابق جمعہ کو خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں ایک سکیورٹی چوکی پر خودکش حملہ کیا گیا، جہاں مسلح شدت پسندوں کی معاونت سے ہونے والے حملے میں 15 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج نے حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
