امریکہ، جاپان اور فلپائن کی بحیرۂ جنوبی چین میں مشترکہ فوجی مشقیں، چین سے کشیدگی برقرار

امریکہ، جاپان اور فلپائن نے بحیرۂ جنوبی چین میں پانچ روزہ مشترکہ بحری مشقیں مکمل کر لیں، جبکہ متنازع سمندری علاقے میں فلپائن اور چین کے درمیان حالیہ تصادم کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق فلپائنی فوج نے بتایا کہ 21 سے 25 جولائی تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں جنگی بحری جہاز، کوسٹ گارڈ کے جہاز، نگرانی کرنے والے طیارے اور لڑاکا طیارے شریک ہوئے۔ مشقوں کا مقصد اتحادی ممالک کے درمیان باہمی تعاون، مشترکہ آپریشنل صلاحیت اور علاقائی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

فلپائنی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ مشقیں انڈو پیسیفک خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے شراکت دار ممالک کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں، تاہم مشقوں کے درست مقام کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یہ مشترکہ مشقیں ایسے وقت میں منعقد ہوئیں جب فلپائن اور چین کے درمیان بحیرۂ جنوبی چین میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ فلپائن نے الزام عائد کیا کہ سیکنڈ تھامس شول کے قریب چینی کوسٹ گارڈ اہلکاروں نے ایک فلپائنی ملاح پر ڈنڈوں سے حملہ کیا، جبکہ چین نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فلپائنی جہازوں نے پہلے چینی کشتیوں پر حملہ کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے