امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق مجموعی نقصانات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون نے ہفتے کے روز اپنے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم (DCAS) کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے 140 سے زائد نئے زخمی فوجیوں کا اندراج کیا، جبکہ حالیہ ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کو بھی دوبارہ سرکاری فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پینٹاگون نے اپنے ڈیٹا بیس میں "اوورسیز آپریشنز” کے نام سے ایک نئی کیٹیگری متعارف کرائی ہے، جس کے تحت 7 جولائی سے بیرونِ ملک فوجی کارروائیوں میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر اس نئی کیٹیگری کے اعداد و شمار کو آپریشن ایپک فیوری کے تازہ ڈیٹا کے ساتھ یکجا کیا جائے تو 28 فروری سے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل زخمیوں کی سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والی تعداد 482 تھی، جس کے مقابلے میں یہ نمایاں اضافہ ہے۔
پینٹاگون کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والے 18 فوجیوں میں 11 کا تعلق امریکی آرمی، 6 کا امریکی فضائیہ (ایئر فورس) اور ایک کا امریکی بحریہ (نیوی) سے ہے۔
زخمی اہلکاروں کی تفصیلات کے مطابق 461 آرمی، 86 نیوی، 58 ایئر فورس اور 19 میرین کور سے تعلق رکھتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے متعدد امریکی میڈیا اداروں اور قانون سازوں نے پینٹاگون پر تنقید کی تھی کہ ایرانی حملوں کے باوجود سرکاری ڈیٹا بیس میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد حقیقت سے کم ظاہر کی جا رہی ہے۔
